اسلام آباد (آئی پی ایس )سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بھارت سمیت ہمسایہ ممالک سے موسمیاتی مذاکرات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے “برید پاکستان انٹرنیشنل کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کی قیادت میں حکومت پنجاب نے انسداد اسموگ کے لیے 10 ارب روپے اور کلائیمٹ ریزیلینس کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
بھارت سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ موسمیاتی مذاکرات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت جدید اے کیو آئی مانیٹرز کی تنصیب، بایوگیس پلانٹس اور بایوریفائنری کے قیام، زرعی سیکٹر میں ای میکانائزیشن، اور گرین ٹرانسپورٹیشن جیسے اقدامات شامل ہیں۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ فضائی آلودگی کی نگرانی کے لیے پنجاب بھر میں 100 جدید اے کیو آئی مانیٹرز نصب کیے جا رہے ہیں جو سیٹلائٹ سے منسلک ہو کر تازہ ترین فضائی معیار کا ڈیٹا فراہم کریں گے۔
زراعت میں جدیدیت کو فروغ دیتے ہوئے کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کے لیے 60 فیصد سبسڈی پر سپرسیڈرز فراہم کیے گئے ہیں۔ انڈسٹریل اخراج کی نگرانی کے لیے پہلی بار ڈیٹا بیسڈ میپنگ کی گئی ہے اور 50 سے زائد صنعتی یونٹس کو ایمیشن کنٹرول سسٹم کی تنصیب کے لیے مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔
