فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ آج مزید 4 اسرائیلی مغوی خواتین فوجیوں کو رہا کیا جائے گا۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق، فلسطینی حکام نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجی خواتین کے بدلے اسرائیل کی عافر جیل سے مزید فلسطینیوں کو رہا کیا جائے گا۔
اسرائیل نے حماس کی جانب سے آج رہا کی جانے والی 5 خواتین فوجیوں کے ناموں کی فہرست جاری کی ہے۔ ان میں کرینا آریوو، ڈینیئلا گلبوا، ناما لیوی اور لیری البیگ شامل ہیں۔ یہ چاروں خواتین 7 اکتوبر 2024 سے حماس کی قید میں تھیں۔
قبل ازیں، حماس نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت 19 جنوری (اتوار) کو 3 یرغمالی اسرائیلی خواتین کو ریڈ کراس کے حوالے کیا تھا جبکہ اسرائیل نے 69 خواتین اور 21 نوجوان لڑکوں سمیت 90 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا تھا۔
ادھر، جنین میں پناہ گزین کیمپوں پر گزشتہ 5 روز کے دوران اسرائیلی حملوں میں 14 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جس پر اقوام متحدہ نے اسرائیل کو ملٹری آپریشن میں جنگ جیسی حکمت عملی اختیار کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کے مطابق، حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی سے لے کر اب تک غزہ میں کم از کم 7 بچے سردی سے ٹھٹھر کر جاں بحق ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں وحشیانہ اسرائیلی حملوں اور بمباری میں 47 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 11 ہزار سے زائد شہری زخمی ہوچکے ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔
حماس کی جانب سے آج 4 اسرائیلی فوجی خواتین کو رہا کیا جائے گا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔