Thursday, May 7, 2026
ہومپاکستانوزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطری وزیراعظم کا ٹیلی فونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطری وزیراعظم کا ٹیلی فونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد(سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
دونوں رہنماوں کے درمیان ہونے والی گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیراعظم نے 16 اپریل کو دوحہ کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امیرِ قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور قطری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں خطے میں امن کے فروغ کے لیے اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں نہایت مفید ثابت ہوئیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام امیرِ قطر کے جلد پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں اور ان کا یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔قطر کے وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو یقین دلایا کہ قطر، مشرقِ وسطی میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کی قیادت میں جاری سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔دونوں رہنماوں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔