واشنگٹن( شاہ خالد ) امریکا کے صدر جوبائیدن نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر کہا ہے کہ آج غزہ میں بندوقیں خاموش ہوگئیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ غزہ جنگ بندی کا معاہدہ نتیجہ خیز ہوگیا، بندوقیں آج غزہ میں خاموش ہوچکی ہیں، شہریوں کی مدد کیلئے سیکڑوں ٹرک غزہ میں داخل ہوگئے ہیں، معاہدے کے اگلے مرحلے میں یرغمالیوں میں شامل اسرائیلی فوجی رہا ہونگے۔
حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے، حماس کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے کا شروع ہوچکا ہے۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق حماس نے 3 اسرائیلی یرغمالی خواتین کو ریڈکراس کے حوالے کر دیا ہے جنھیں عملے کے ارکان اپنی گاڑیوں میں لے کر روانہ ہو گئے ہیں، ریڈکراس رہا کی گئی خواتین کو اسرائیلی فوج کے سپرد کرے گی تاکہ شناخت کا عمل مکمل کیا جا سکے۔
یرغمالی خواتین کی رہائی کا عمل پورا ہونے پر ہی اسرائیل 90 فلسطینیوں کو رہا کرے گا، اسرائیلی قید سے رہائی پانے والوں میں 69 فلسطینی خواتین اور 21 بچے شامل ہوں گے۔