اسلام آباد (آئی پی ایس )سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے اپوزیشن کے اسپیکر سے رابطے کے معاملے اور عرفان صدیقی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے اسپیکر قومی اسمبلی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمر ایوب نے آج اسپیکر سے ٹیلی فونک رابطہ کی کوشش کی مگررابطہ نہ ہوسکا، اسپیکر قومی اسمبلی کو بذریعہ میسج آگاہ کردیا گیا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اپوزیشن مذاکراتی کمیٹی اتوار 12 جنوری یا سوموار 13 جنوری کو تیسرے اجلاس کیلئیتیار ہے۔ مذاکراتی کمیٹیوں کے دوسرے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی سیملاقات کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی کمیٹی پی ٹی آئی بانی سے ملاقات کرانے مکمل طور پر ناکام رہی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی قوم کو آگاہ کریں حکومت اپنی کمٹمنٹ پوری کرنے میں ناکام ہوئی۔سربراہ سنی اتحاد کونسل نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ قیدی نہیں بلکہ انکی حیثیت انڈر ٹرائل سپیریئر کلاس قیدی کی ہے۔ قانون کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا استحقاق ہے کہ انڈر ٹرائل قیدی سے ملاقات آزادانہ ماحول میں ہونی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات میں بانی پی ٹی آئی سے کھلے ماحول میں ملاقات قانون کے مطابق ممکن ہے، تیسرے اجلاس میں جوڈیشل کمیشن تشکیل نہ دیا گیا تو مذاکرات کا عمل معطل ہوجائے گا، پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی اجلاس میں اپنے مطالبات تحریری صورت میں جمع کروا دے گی۔