اسلام آباد (آئی پی ایس )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ملٹری کورٹس سے سزا یافتہ سانحہ 9 مئی کے 19 مجرمان کی سزائیں معاف کرنے پر ردعمل میں کہا ہیکہ 19 لوگوں کے لیے معافی کا اعلان کوئی بڑی پیشرفت نہیں ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بنیادی طور پر67 لوگ تھے، 19 کو معافی ملی،48 نے اپنی اپیلیں فائل کی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف ملٹری کورٹس میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف ہے۔ بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ کسی بھی سویلین کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ اس حوالے سے طے کرچکی ہے۔ بیرسٹرگوہر کا مزید کہنا تھا کہ سب جماعتیں مل جل کرعوام اور ملک کے وسیع ترمفاد میں بیٹھیں، ملک کی بہتری کے لیے مذاکرات کامیاب ہونے چاہئیں۔خیال رہے کہ سانحہ 9 مئی 2023 کے 19 مجرمان کی سزاں میں معافی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سانحہ 9 مئی کی سزاں پر عملدرآمد کے دوران مجرمان نے رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں، مجموعی طور پر67 مجرمان نے رحم کی پٹیشنز دائر کیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کے لییکورٹس آف اپیل میں نظرثانی کیلئے ارسال کیا گیا، 19 مجرمان کی پٹیشنز کو خالصتا انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دائر کی گئی دیگر رحم کی پٹیشنوں پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیا جائے گا، ان مجرمان کو ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے۔