کیلیفورنیا (آئی پی ایس ) پاکستانی نژاد امریکی سیاست دان پیس اینڈ فریڈم پارٹی کی جانب سے کانگریس کے سابق امیدوار محمد عارف نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان جلد ہی جیل سے رہا ہو کر امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شامل ہوں گے۔
نئے سال کے ایک بیان میں محمد عارف نے پاکستان میں مثبت سیاسی تبدیلی کے امکان پر زور دیتے ہوئے 2025 کے لیے امید کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ عمران خان آنے والے ہفتوں میں رہا ہو جائیں گے اور ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔ محمد عارف نے پاکستانی حکومت پر بھی تنقید کی جسے انہوں نے فاشزم کی بدترین شکل قرار دیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں موجودہ انتظامیہ نے ملک بھر میں اختلاف رائے کو دبانے اور اپوزیشن رہنما ئو ں کو نشانہ بنانے کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو عالمی مسائل پر اپنے واضح خیالات کے لیے مشہور ہیں، پاکستانی حکومت پر زور دیں گے کہ وہ عمران خان کو رہا کرے۔ ٹرمپ نے انصاف کے مسائل پر بات کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے اور ممکنہ طور پر پاکستان پر خان کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے دبا ڈالیں گے۔