جدہ (آئی پی ایس )کم لاگت والی سعودی ائیرلائن فلائی اے ڈیل نے 2 فروری 2025 سے پاکستان کے تجارتی مرکز کراچی کے لیے شیڈول پروازیں شروع کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ایئر لائن حکام کے بیان کے مطابق یہ اقدام اس کی بین الاقوامی توسیعی حکمت عملی میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے اور یہ پاکستان اور جنوبی ایشیا کے لیے اس کی پہلی شیڈول سروس کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2 فروری سے فلائی اے ڈیل کی کراچی سے سعودی عرب کے شہر ریاض اور جدہ کے لیے ہفتے میں دو پروازیں ہوں گی۔ ایئر لائن کے سی ای او سٹیون گرین وے نے کہا کہ وہ جلد ہی پاکستان کے دیگر شہروں کے لیے مزید پروازیں شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ائیرلائن کے سی ای او سٹیون گرین وے نے کراچی کو ایک نئی منزل بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر پاکستانی حکام اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں، اور بہت سے لوگ دونوں ممالک کے درمیان کاروبار، زیارت یا خاندان سے ملنے کے لیے سفر کرتے ہیں، اس لیے ایئر لائن کے لیے اس روٹ پر پرواز شروع کرنے کا منصوبہ بنایا۔
