لاہور(آئی پی ایس )مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریموٹ کنٹرول جمہوریت کے ذریعے آگے نہیں بڑھ سکتا، ملک درست سمت میں نہیں جارہا میں اسی لیے حکومت کا حصہ نہیں ہوں جہاں خرابی ہوگی وہاں چپ نہیں رہ سکتا۔خواجہ محمد رفیق شہید کے 52 ویں یوم شہادت پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان ریموٹ کنٹرول جمہوریت کے ذریعے آگے نہیں بڑھ سکتا اس طرح سے ملک کو آگے نہیں چلایا جاسکتا ملک آپس کی دھینگا مشتی میں الجھا ہوا ہے آج ملک کی سمت درست نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جتھے بناکر لوگ نکلتے ہیں اور حکومت گھٹنے ٹیک دیتی ہے
، کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتیہیں وہاں ایسا آدمی کیوں بٹھایا گیا جس کا کشمیر کی سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں،ہم نے کہا تھا یہ کام نہ ہو لیکن کوئی مشورہ سنے تو نہیں۔ انہوں ںے کہا کہ ہم کب تک ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر آہ وزاری کریں گے؟ ہمیں بات کرنی پڑے گی کون بات کرے گا میں اسی لیے حکومت کا حصہ نہیں ہوں میرے ساتھیوں کو معلوم ہے اس بات کا، میں بالکل اپنی پارٹی کے اندر ہوں مگر جہاں خرابی ہوگی وہاں چپ نہیں رہ جاسکتا اس پر بات کرنی پڑے گی۔
