لندن (سب نیوز )بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بڑی بہن روبینہ خان نے کہا ہے کہ بشری بی بی کا سیاست میں کردار ادا کرنا کوئی نئی بات نہیں۔روبینہ خان نے کہا کہ پنجاب میں عثمان بزدار اور فرح گوگی کے ذریعے نظام کو چلانا سب کے سامنے ہے، مشال یوسف زئی کو بشری بی بی کی نئی فرح گوگی کہا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں ہوتے ہوئے بھی بشری بی بی مبینہ طور پر مشال یوسف زئی کے ذریعے سیاست کرتی رہی ہیں، وہ فیصلہ سازی اور تقرریاں کرنے میں شامل رہی ہیں، مارچ کے دوران علی امین گنڈاپور کے ساتھ اعلانات اور خطاب کرتی رہی ہیں۔
روبینہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں سیاست میں نہ ہیں نہ پہلے تھیں، بہنوں کا سیاست میں کردار ادا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ بہنوں کی حکومتی عہدے کے ذریعے مال کمانے کی قطعی خواہش نہیں، نئے اور پرانے پاکستان میں یہی فرق ہے، ہمیشہ کہا کہ پرانے پاکستان کی گندگی سے نیا پاکستان نہیں بن سکتا۔