اسلام آباد(آئی پی ایس )صدر بیلاروس کے دورہ کے موقع پر بیلاروس کے وزیر خارجہ کی قیادت میں 68 رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک میں اہم معاہدے کیے جائیں گے۔
صدر بیلاروس الیگزینڈر لوکاشینکو کے دورہ پاکستان سے قبل بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریزینکوف کی قیادت میں ایک اعلی سطحی وزارتی وفد اتوار کی شام اسلام آباد پہنچا۔بیلاروس کے صدر لوکا شینکو کل پیر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ ابتدائی وفد میں بیلاروس کے 8 وزرا اور 43 بزنس مین پہنچے ہیں۔وفد کا استقبال اسلام آباد ایئرپورٹ پر وزیر داخلہ محسن نقوی، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ برائے یورپ سفیر شفق علی خان اور پاکستان کے سفیر برائے بیلاروس سجاد حیدر خان نے کیا۔
صدر بیلاروس کے دورہ کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کا موقع قرار دیا جا رہا ہے۔وفد کے دورے کے دوران اہم ملاقاتیں اور معاہدے طے پانے کی توقع ہے۔ بیلاروس کے صدر وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف سے ملاقات بھی کریں گے۔