اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے)نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد سمیت کسی بھی ایئرپورٹ پر معمول کے مطابق پروازیں جاری رہیں گی، لوگ افواہوں پر کان نہ دھریں۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کی آمد سے متعلق افواہوں کی تردید کردی اور مسافروں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر روکنے کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دی۔یاد رہے کہ میڈیا پر ایسی خبریں زیر گردش ہیں کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو ایئرپورٹ پر ہی رکنا ہوگا۔تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد سمیت کسی بھی ایئرپورٹ پر مسافروں کو نہیں روکا جائے گا اور تمام پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
سی اے اے نے واضح کیا کہ پاکستان آنے والوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر نہیں رکنا ہوگا۔اپنے بیان میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مسافروں کو اسلام آباد ائیرپورٹس پر روکنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔سی اے اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ صرف مصدقہ ذرائع سے معلومات پر ہی انحصار کریں۔