Saturday, December 7, 2024
ہومپاکستانآرمی چیف کی آئیڈیاز 2024 میں شرکت، پاکستان کا شاہپر تھری ڈرون توجہ کا مرکز بن گیا

آرمی چیف کی آئیڈیاز 2024 میں شرکت، پاکستان کا شاہپر تھری ڈرون توجہ کا مرکز بن گیا

کراچی (آئی پی ایس )آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار آئیڈیاز 2024 کا خصوصی دورہ کیا، آئیڈیاز 2024میں پاکستان کے جدید ترین ڈرون شاہپر تھری توجہ کا مرکز بن گیا۔
آرمی چیف نے دورے کے دوران دوست ممالک کے دفاعی مینوفیکچررز کی فعال شرکت کو سراہا۔نمائش میں کل 557نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں جن میں سے 333 بین الاقوامی نمائش کنندگان ہیں، جبکہ 224 ملکی نمائش کنندگان ہیں، 36ممالک نے نمائش کنندگان کے اسٹالز لگائے جن میں سے 17ممالک پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔
ایونٹ میں 53ممالک کے 300سے زائد غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی اور نمائش اور پاکستان کی دفاعی صنعت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، نمائش کے دوران، آرمی چیف نے تقریب میں موجود غیر ملکی فوجی حکام اور دفاعی مندوبین کے ساتھ بامعنی بات چیت بھی کی۔اس موقع کی ایک اہم بات گلوبل انڈسٹریل ڈیفنس سلوشنز پاکستان کی طرف سے تیار کردہ جدید ترین ڈرون (شاہپر تھری)کا افتتاح تھا۔
شاہپر تھری اعلی درجے کی صلاحیتوں کا حامل ڈرون ہے، جو 35000 فٹ کی آپریشنل اونچائی پر پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے اور 24 گھنٹے سے زیادہ پرواز کرسکتا ہے،یہ ڈرون بموں، میزائلوں اور ٹارپیڈو سمیت وسیع پیمانے پر گولہ بارود لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے،آئیڈیاز 2024 کا 12 واں ایڈیشن 19 نومبر کو شروع ہوا اور 22 نومبر 2024 کو اختتام پذیر ہوگا۔قبل ازیں آرمی چیف کی کراچی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے پرتپاک استقبال کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔