Sunday, December 8, 2024
ہومپاکستاناحتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے پی ٹی آئی نے اتحادیوں سے رابطے شروع کردیئے

احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے پی ٹی آئی نے اتحادیوں سے رابطے شروع کردیئے

اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر 24نومبر کے احتجاج کے لیے جڑواں شہروں میں 2کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں جبکہ رات گئے پی ٹی آئی کے رہنماوں کی خیبر پختونخوا ہاوس اسلام آباد میں اہم بیٹھک لگی، جس میں احتجاج کی حکمت عملی اور متوقع مذاکرات پر صلاح مشورے کیے گئے، دوسری جانب پی ٹی آئی احتجاجی تحریک کے لیے مانیٹرنگ سیل قائم کردیا گیا۔ ادھر احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے اتحادیوں سے رابطے کیے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج کے لیے جڑواں شہروں میں 2 کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔جڑواں شہروں کے لیے 12 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی سے 6، 6 پی ٹی آئی رہنماوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نے کمیٹی میں شامل ناموں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔اسلام آباد میں احتجاج کو عامر مغل، شعیب شاہین ،علی بخاری، شیر افضل مروت، قاضی تنویر اور ملک عامر لیڈ کریں گے۔
راولپنڈی کے لیے چوہدری عامر افضل، عاقل خان، راجہ بشارت، سیمابیہ طاہر، شہریار ریاض اور کرنل ریٹائرڈ اجمل صابر کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے اتحادیوں سے رابطے کیے جارہے ہیں۔ محمود خان اچکزئی سے گزشتہ شب اسد قیصرنے ملاقات کی۔انہوں نے 24 نومبرکے احتجاج میں شامل ہونے کی دعوت دی جبکہ محمودخان اچکزئی نے احتجاج میں شامل ہونے سے انکارکردیا۔ذرائع کے مطابق انہوں نے انکار کرنے کی وجہ وقت کی قلت بتائی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ وقت زیادہ ہوتا اورپہلے دعوت دی جاتی توسوچا جا سکتا تھا۔جس کے بعد اسد قیصر نے پھر بھی محمود خان اچکزئی کوسوچنے کا کہا۔
24نومبر کے احتجاج کیلئے تحریک انصاف لاہور کی جانب سے ڈور ٹو ڈور مہم کا آغازکردیا۔ ٹکٹ ہولڈر نے این اے 119 اور پی پی 149 سے رابطہ عوام مہم شروع کر دی۔این اے 119 سے ٹکٹ ہولڈر شہزاد فاروق اور پی پی 149 سے حافظ ذیشان رشید نے کارکنان کے ہمراہ ڈور ٹو ڈور مہم میں عوام کو 24 نومبر کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی۔حافظ ذیشان رشید نے کہا کہ وقت آگیا ہے ملک میں قانون کی حکمرانی کیلئے عوام سڑکوں پر نکلیں، موجودہ بدترین دور میں بھی تحریک انصاف کے کارکنان عوام کے حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔