دبئی(آئی پی ایس )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ کے خط کا جواب نہیں دیا۔گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو خط لکھ تھا۔خط میں پی سی بی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ بھارتی بورڈ نہ آنے کی ٹھوس وجوہات فراہم کرے۔
تاہم ذرائع کا کہناہے کہ آئی سی سی نے تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ کے خط کا جواب نہیں دیا۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے جواب میں تاخیر عندیہ ہے کہ بھارت نے کچھ بھی تحریری نہیں دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2024 کی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں کسی نے چیمپئنز ٹرافی شیڈول پر اعتراض نہیں کیا تھا ، براڈ کاسٹرز کے منظور شدہ شیڈول پر بھارت سمیت تمام کرکٹ بورڈ نے رضامندی ظاہر کی تھی۔
ذرائع کے مطابق 11 نومبر کو پاکستان میں ٹرافی ٹوور اور ایونٹ لانچ سے عین قبل بھارت نے پاکستان نہ آنے کی بات کردی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کا اعلان کافی پہلے ہوا، دسمبر 2023 میں ہوسٹ معاہدہ سائن ہوا ،بھارتی بورڈ نے پہلے حکومت سے اجازت کیوں نہیں لی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ستمبر میں سکیورٹی پلان پر تمام ممبران کو بریفنگ دے چکا تھا،اکتوبر کی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کی تفصیلات موجود ہیں ، میٹنگ منٹس میں درج ہے کہ کسی بورڈ کو پاکستان میں طے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول پر اعتراض نہیں تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی سے قبل جنوری میں انٹرنیشنل ٹیسٹنگ سیریز بھی پلان کر رہا ہے۔