Monday, December 9, 2024
ہومپاکستانائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے رائل مراکش فضائیہ کے انسپکٹر کی ملاقات

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے رائل مراکش فضائیہ کے انسپکٹر کی ملاقات

اسلام آباد (آئی پی ایس ) رائل مراکشی ائیر فورس کے انسپکٹر میجر جنرل محمد غادی نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور چیف آف دی ائیر اسٹاف سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں فوجی تعاون، مشترکہ تربیت اور صنعتی شعبے میں تعاون سے متعلق وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے مراکشی فضائیہ کے سربراہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
چیف آف ائیر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مراکشی فضائیہ کے سربراہ کے پہلے دورہ پاکستان پر نیک تمناوں کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ائیر چیف نے برادر ممالک کے دوطرفہ تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا۔
ائیر چیف نے پاکستان اور مراکش کے درمیان عسکری شراکت داری کو مشترکہ تربیت کے حوالے سے مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ مراکش ایئر فورس کے لیے بنیادی اور حکمت عملی سطح کی تربیت سمیت فضائی طاقت کے مختلف پہلوں پر مشترکہ تربیتی اقدامات کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ پاک مراکش فضائی افواج کے سربراہوں نے موجودہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر جنرل محمد غادی نے پاک فضائیہ کی تکنیکی ترقی کی تعریف کی۔
مراکشی فضائیہ کے سربراہ نے آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی فضائی صنعت سے سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔مراکش فضائیہ کے سربراہ نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کیا۔ مراکشی فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے جدید تکنیکی نظام کو سراہا اور صنعتی شعبے میں اشتراک کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔مراکشی فضائیہ کے سربراہ نے نیشنل آئی ایس آر اور انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پاک فضائیہ کے سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔