Monday, March 17, 2025
ہومبریکنگ نیوزٹکٹوں کی فروخت کے باوجود بنگلہ دیش میں عاطف اسلم کے کنسرٹ پر سوالیہ نشان

ٹکٹوں کی فروخت کے باوجود بنگلہ دیش میں عاطف اسلم کے کنسرٹ پر سوالیہ نشان

ڈھاکہ (سب نیوز )بنگلہ دیش کے شائقین جو شدت سے 29 نومبر کو ڈھاکہ میں ہونے والے عاطف اسلم کے کنسرٹ کا انتظار کر رہے ہیں، تمام ٹکٹوں کی فروخت کے باوجود بھی غیر یقینی صورت حال کا شکار ہیں۔بنگلہ دیش کے انگریزی اخبار دا ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے معروف گلوکار کے کنسرٹ کے لیے منتظمین کی جانب سے تاحال پنڈال کی منظوری نہیں ملی جب کہ ڈیٹا لیک کے ایک بڑے واقعے میں پانچ ہزار سے زائد ٹکٹ ہولڈرز کی ذاتی معلومات افشا ہو گئی ہیں۔

ڈھاکہ میں شیڈول میجیکل نائٹ 2.0 نامی کنسرٹ کے تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں لیکن ان دو وجوہات کے باعث اس شو کا انعقاد مشکوک ہو گیا ہے۔کنسرٹ کے شرکا کے نام، ای میل، فون نمبر اور ٹکٹ کی تفصیلات چوری کر لی گئی ہیں۔ معلومات کی اس چوری کا ایک ڈیویلپر نے پتہ چلایا، جس نے ایونٹ کے ٹکٹنگ پارٹنر ٹکٹ ٹومارو کی ویب سائٹ میں سکیورٹی کی کمزوریاں تلاش کیں۔

ایونٹ کی منتظم کمپنی ٹرپل ٹائم کمیونیکیشنز نے عاطف اسلم کے کنسرٹ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہے۔ ایک ڈیویلپر نے چوری شدہ ڈیٹا کو گوگل ڈرائیو پر عوام کے لیے قابل رسائی لنک کے ساتھ اپ لوڈ کر دیا، جس سے کسی بھی شخص کے لیے یہ ڈیٹا دستیاب ہو گیا۔

لیک ہونے والی معلومات میں کنسرٹ میں جانے والوں کی ذاتی تفصیلات، ٹکٹ کی قیمتیں اور سیٹنگ پلان (بشمول فرنٹ زون، جنرل زون اور میجیکل زون) شامل ہیں۔ دا ڈیلی سٹار کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر متعدد متاثرہ افراد نے معلومات چوری ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی پرائیویسی کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔