اسلام آباد (سب نیوز )وفاقی کابینہ نے فلسطین اور لبنان میں اسرائیل کی بربریت سے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے فلسطین و لبنان قائم کرنے کی منظوری دے دی اور اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اکائونٹ کھولنے کے حوالیسے ضروری ہدایات بھی جاری کر دیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال فلسطین اور لبنان کے حوا لے سے امدادی کارروائیوں کی نگرانی کریں گے۔
وفاقی کابینہ کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی جانب سے وفاقی وزارتوں اور اداروں میں ای-آفس کے نفاذ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا حکومت کے ای-گورننس کی نفاذ کے حوالے سے اقدامات سے اقوام متحدہ کے ای-گورننس ڈویلپمنٹ انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن میں 14 درجے بہتری ہوئی ہے ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے تمام 40 ڈویژنز میں ای-آفس کے نفاذ کا عمل جاری ہے اور چند وزارتوں میں ای- آفس کا 100 فیصد نفاذ کیا جا چکا ہے۔ وزیراعظم نے ای-آفس کے نفاذ میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دو ہفتے بعد اس حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے فیصلوں کی روشنی میں ماہی گیری کی شعبے میں سبسیڈیز کے معاہدے کی توثیق کردی،وفاقی کابینہ نے وزارت بحری امورکی سفارش پر گوادر بندر گاہ پاکستان اور شنگھائی بندرگاہ چین کو سسٹر-پورٹس کی حیثیت دینے کے معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی،وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر وزارت خارجہ پاکستان اور روانڈا کی وزارت خارجہ کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی ،وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر وزارت خارجہ پاکستان اور گھانا کی وزارت خارجہ کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات اور وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر جوڈیشل مجسٹریٹ -ا گوادر اور جوڈیشل مجسٹریٹ -ا حب کو انسداد منشیات کے مقدمات سننے کا اختیار دینے کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 25 ستمبر 2024 کو منعقد کئے گئے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی- وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے چائینیز انوسٹمینٹ پراجیکٹس کے 16 ستمبر 2024 کو منعقد ہوئے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی- وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی ادراہ جات کے یکم اکتوبر 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی-
