اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 7 اکتوبر اور یرغمالیوں کے نام پر اسرائیل فلسطین، لبنان اور مصر میں قبضہ کرنا چاہتا ہے۔فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلیے منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم کا شکر گزار ہوں، آل پارٹیز کانفرنس بلائی، جہاں فلسطین کا مسئلہ ہوگا ہر پاکستانی ایک پیج پر ہے،
پاکستان میں مسائل ضرور ہیں مگر مسئلہ فلسطین کے لیے پوری قوم ایک پیج پر ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ بین الاقوامی قوتوں کو غلط فہمی ہے کہ پاکستان اور سیاستدان ایک پیج پر نہیں ہیں۔ مسئلہ فلسطین پر ساری قوم اور جماعتیں وزیراعظم کے ساتھ ہیں، ہم اپنی فلسطینی بہنوں اور بچوں کو نہیں بھولے اور ان کو حق ملنے تک آواز اٹھاتے رہیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم فلسطین کے معاملے پر ایک کمیٹی بنائیں اور اس کے ممبران کو فلسطین کا اعزازی سفیر نامزد کریں تاکہ اراکین عالمی پلیٹ فارم اور دنیا بھر میں جاکر فلسطین کے حق میں آواز اٹھائیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے تجویز دی کہ آل پارٹیز کانفرنس کی ایک بھرپور قرارداد بھی سامنے لائی جائے اور اسے عالمی دنیا کے سامنے رکھا جائے۔
