ہومتازہ ترینآرمی چیف کا دورہ وزیرستان،جوانوں سے ملاقات،سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ

آرمی چیف کا دورہ وزیرستان،جوانوں سے ملاقات،سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ

راولپنڈی(آئی پی ایس )چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج خیبرپختونخوا پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے مستقل تکنیکی مدد فراہم کرتی رہے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا جس کے دوران انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال ، انسداد دہشتگردی آپریشنز اور ترقیاتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور خطرات کے مقابلے کی تیاری اور غیرمعمولی حوصلے کی تعریف کی۔اس موقع پر آرمی چیف نے دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف نے خیبرپختونخوا کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے جنوبی وزیرستان میں قیام امن اور مختلف منصوبوں کیلئے عوام کے اہم کردار کا اعتراف بھی کیا۔ جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے پی پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے مستقل تکنیکی مدد فراہم کرتی رہے گی ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔