ہومتازہ ترینججز، بیوروکریٹس اور وزراء کی سکیورٹی پر ماہانہ خرچہ کتنا؟

ججز، بیوروکریٹس اور وزراء کی سکیورٹی پر ماہانہ خرچہ کتنا؟

اسلام آباد: ملک کے معاشی حالات ابتر ہونے کی وجوہات میں ایک وجہ بے شمار سرکاری اخراجات ہیں، افسران کو بڑی تنخواہوں اور مراعات تو دی ہی جاتی ہیں لیکن اس کے علاوہ ان افسران کی سیکیورٹی پر بھی ماہانہ کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔

وزارت داخلہ کے مطابق ججز، بیوروکریٹس اور وزرا کی سکیورٹی کے لیے ہر وقت 532 اہلکار اور 44 گاڑیاں مختص ہیں، سکیورٹی پر مامور گن مین اور گارڈز کو تنخواہ کی مد میں ماہانہ 4 کروڑ 34 لاکھ روپے ادا کیے جاتے ہیں، اس کے علاوہ سکیورٹی کے لیے موجود 44 گاڑیوں پر ماہانہ 43 لاکھ 87 ہزار روپے کا خرچ آتا ہے۔

مجموعی طور پر ججز، بیوروکریٹس اور وزرا کی سکیورٹی پر ماہانہ 4 کروڑ 78 لاکھ روپے اور سالانہ تقریباً 57 کروڑ 46 لاکھ روپے کا خرچ آتا ہے۔

ججز کی سکیورٹی کے لیے 34 گاڑیاں مختص ہیں جن پر اپریل کے ماہ میں 34 لاکھ 45 ہزار روپے کا خرچ آیا، جبکہ ججز کے سکیورٹی پر مامور 409 گن مین اور گارڈز کو ماہ اپریل میں 3 کروڑ 34 لاکھ روپے تنخواہ کی مد میں ادا کیے گئے، اس طرح ججز کی سکیورٹی پر سالانہ تقریباً 44 کروڑ 25 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں۔

بیوروکریٹس کی سکیورٹی کے لیے 6 گاڑیاں مختص ہیں جن پر اپریل کے مہینے میں 4 لاکھ 69 ہزار روپے کے اخراجات ہوئے جبکہ سکیورٹی پر مامور 79 گن مین اور گارڈز کو صرف اپریل میں 64 لاکھ 64 ہزار روپے تنخواہ کی مد میں ادا کیے گئے، اس طرح بیوروکریٹس کی سکیورٹی پر سالانہ تقریباً 8 کروڑ 31 لاکھ روپے کے اخراجات ہوئے ہیں۔

وزرا کی سکیورٹی کے لیے 4 گاڑیاں مختص ہیں جن پر اپریل کے مہینے میں 4 لاکھ 72 ہزار روپے کے اخراجات ریکارڈ ہوئے، جبکہ سکیورٹی پر مامور 44 گن مین اور گارڈز کو اسی مہینے 35 لاکھ 95 ہزار روپے تنخواہ کی مد میں ادا کیے گئے، اس طرح ججز کی سیکیورٹی پر سالانہ تقریباً 4 کروڑ 88 لاکھ روپے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔