ہومتازہ ترینغزہ پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری، 24گھنٹوں میں 47فلسطینی شہید

غزہ پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری، 24گھنٹوں میں 47فلسطینی شہید

غزہ (آئی پی ایس )اسرائیلی فوج کی غزہ میں وحشیانہ بمباری جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 47فلسطینی شہید ہوگئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر سے اسرائیلی حملوں سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار 738 ہوگئی ہے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں سے 94 ہزار 154 فلسطینی زخمی ہوئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جبالیہ کیمپ، صابرہ اور زیتون کے علاقوں کو نشانہ بنایا ، قابض فوج نے جنین کا محاصرہ بھی کر رکھا ہے جہاں اسرائیلی افواج نے فلسطینی باشندوں کیلئے خوراک، پانی، بجلی اور انٹرنیٹ بند کر رکھا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہیں غزہ کی ایک سرنگ سے 7 اکتوبر کو یرغمال بنائے جانے والے مزید 6 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ جن افراد کی لاشیں ملی ہیں ان میں 5 اسرائیلی اور ایک امریکی شہری شامل ہے جنہیں 7 اکتوبر کو حماس نے حملے کے بعد اغوا کیا تھا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام افراد کی لاشیں ہفتے کے دن غزہ کے شہر رفح کی ایک سرنگ سے ملیں اور ممکنہ طور پر انہیں ایک یا 2 دن پہلے قتل کیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔