Sunday, September 8, 2024
ہوماسلام آبادانٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے طلبا کا پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے طلبا کا پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد (آئی پی ایس )انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے طلبا کا اسلام آباد پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ، احتجاجی طلبا نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ہاسٹل کھولنے کیلئے 24گھنٹے کی مہلت دیدی ۔

احتجاج کرنے والے طلبا نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی اس وقت تاریخ کی بدترین انتظامی تقسیم کا شکار ہے،یونیورسٹی پر نااہل اور کرپٹ ترین ٹولہ مسلط ہے،سمسٹر شروع ہو رہا ہے اور انتظامیہ نے ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود کمروں کے تالے توڑے،یہ کون سی سائنس ہے کہ 5ہزار طلبا کے کمروں کے تالے توڑے جا رہے ہیں، جن طلبا کے کمروں کے تالے توڑے گئے وہ 3 دن سے کھلے آسمان تلے ہیں، ہمارے پاس انتظامیہ کے سامنے پرامن آئینی احتجاج کا آپشن تھا جو جاری ہے، ہمیں ہمارے ہاسٹل رومز چاہئیں، ہمارا سامان غائب ہے،انتظامیہ ہمارے قیمتی سامان، لیپ ٹاپ، موبائل، کتابیں، کپڑے، جوتے، و دیگر اشیا کی ذمہ دار ہے،ہم یونیورسٹی میں اپنے حق کیلئے پرامن دھرنا دئیے بیٹھے ہیں،دھرنا دیئے ہوئے طلبا کو یونیورسٹی انتظامیہ نے محصور کر رکھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے،صورتحال تشویشناک ہے ہمیں باہر سے کھانا پانی بھی لانے کی اجازت نہیں،پاکستانی اور غیرملکی طلبہ اندر محصور ہو کر رہ گئے ہیں،انتظامیہ نے ہاسٹل میس اور کیفے بند کر رکھے ہیں، یونیورسٹی کے ہاسٹل اور مین گیٹ کے تالے نہ کھولے گئے تو صورتحال مزید سنگین ہوگی،انتظامیہ نے اسلامی یونیورسٹی کو چھائونی میں تبدیل کر کے رکھ دیا ہے،یونیورسٹی کے گیٹس اور اندر پولیس کیوں تعینات ہے،حکام بالا صورتحال کا نوٹس لیں، انتظامیہ نے یونیورسٹی کا تعلیمی نظام تباہ کر دیا ہے۔

طلبا نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی عالم اسلام کی بہترین جامعہ تھی جو بدترین انتظامی بحران کا شکار ہے،ریکٹر، صدر جامعہ، نائب صدر، ڈائریکٹرز، پرووسٹ سمیت کوئی مسائل حل کرنے کو تیار نہیں،یہ چاہتے ہیں ایسے غیر قانونی اقدامات سے ہمیں اشتعال انگیزی پر اکسایا جائے،ہم انتظامیہ کو خبردار کرتے ہیں اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے طلبا کو ڈھال مت بنائیں،کوئی اس بھول میں نہ رہے کہ ہم کوئی غیر آئینی کام کریں گے، ہم پرامن آئینی و جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں،انتظامیہ نے پیر تک ہاسٹل نہ کھولے تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔