ہومپاکستانوزیراعظم کاقومی ہیرو ارشد ندیم کیلئے ہلال امتیاز، 15کروڑ انعام کا اعلان

وزیراعظم کاقومی ہیرو ارشد ندیم کیلئے ہلال امتیاز، 15کروڑ انعام کا اعلان

اسلام آباد(آئی پی ایس ) وزیراعظم شہباز شریف نے پیرس اولمپکس میں تاریخ ساز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم کے لیے ہلال امتیاز اور 15 کروڑ انعام کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں ارشد ندیم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کو یوم آزادی سے پہلے ایک شان دار تحفہ دیا اور جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا کر دیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اولمپکس میں شان دار کارکردگی پر ارشد ندیم کو 15 کروڑ روپے انعام دیا جائے گا اور اس میں کوئی ٹیکس عائد نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایف 9 اور ایف 10 سیکٹر کے درمیان سڑک کو ارشد ندیم روڑ کا نام دیا جائے گا اور ایک اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں نوجوانوں کو کھیلوں کی تربیت کے لیے ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی قائم کی جائے گی جہاں 2028 اولمپکس کے لیے ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں کو تربیت دے کر بھرپور مقابلے کے لیے تیار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی بہبود، ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی ضروریات پوری کرنے اور انہیں تربیت کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک ارب روپے کے اسپورٹس اینڈومنٹ فنڈ بھی قائم کیا جائے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ کے لیے بھی ایک کروڑ روپے کے انعام کا بھی اعلان کردیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔