اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا تھا جنرل فیض اس کا بڑا کردار تھے۔نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ جب تحقیقات ہوں گی تو مزید چیزیں سامنے آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ جنرل (ر)فیض حمید کی گرفتاری سے عوام میں ادارے کیلئے اعتماد بڑھا ہے۔ ملک میں جو کچھ ہو رہا تھا یہ موصوف اس کا بڑا کردار تھے۔ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ دیگر اداروں میں اگر ایسا احتساب نہیں ہوگا تو عوام کا اعتماد بحال نہیں ہوگا۔ دیگر اداروں میں بھی خود احتسابی کی ضرورت ہے۔جاوید لطیف نے کہا کہ 9، 10 مئی کو سیاسی جماعت کی آڑ میں دہشتگرد چھپے ہوئے تھے۔ اس دن پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش ہوئی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میری درخواستیں آج تک زیرالتوا ہیں۔ جو کچھ سیاسی جماعتوں کیساتھ ماضی میں ہوتا رہا ہے پی ٹی آئی کیساتھ کچھ نہیں ہوا۔ اگر یہ کام شروع ہوا ہے تو اس کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے۔