اسلام آباد (سب نیوز)اسلامی نظریاتی کونسل نے مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی متعدد شقوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور عدالت عظمیٰ سے فیصلے پر جلد نظر ثانی کی اپیل کی ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کا 238واں خصوصی اجلاس آج منگل، 8 اگست 2024 کو چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی کے زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کونسل نے کرمنل نظر ثانی پٹیشن نمبر 2/2024(مبارک ثانی کیس)کے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کی متعدد شقوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں کونسل جلد تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ کو ارسال کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق کونسل نے قرار دیا کہ مذکورہ فیصلے میں بہت سے پہلو ایسے ہیں جن کو علما کرام اور اسلامی نظریاتی کونسل اسلامی احکام کے مطابق درست نہیں سمجھتی۔ لہذا سپریم کورٹ کے معزز جج صاحبان اپنے 24 جولائی 2024 کو جاری کئے گئے فیصلے پر دوبارہ از خود نظر ثانی فرمائیں اور تحفظات کو دور کریں۔کونسل نے قرار دیا کہ اس فیصلے سے پوری قوم اضطراب میں مبتلا ہے۔ قانونی موشگافیوں کے بجائے یہ ایمان اور حب رسول ۖ کا مسئلہ ہے۔ تمام طبقات کو باہمی مفاہمت سے اس کو حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ کونسل امید رکھتی ہے معزز عدالت عظمی اس فیصلے کو جلد نظر ثانی کرے گی اور حکومت، بالخصوص وزیر اعظم اس سلسلے میں ہر حوالے سے مثر کردار ادا کریں گے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کا مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر اعتراض، نظرثانی کی اپیل
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
