Wednesday, April 29, 2026
ہومبریکنگ نیوزسپریم کورٹ کے فیصلے کو جزوی تسلیم اور پی ٹی آئی کے ساتھ خیرسگالی کا اظہار کرتے ہیں، فضل الرحمان

سپریم کورٹ کے فیصلے کو جزوی تسلیم اور پی ٹی آئی کے ساتھ خیرسگالی کا اظہار کرتے ہیں، فضل الرحمان

اسلام آباد(سب نیوز )جمعیت علمائے اسلام ( ف ) کے سربراہ مولانا فصل الرحمان نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو جزوی طور پر تسلیم کرتے ہیں۔سربراہ جییوآئی مولانا فضل الرحمان سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دینے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بارے میں فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر حتمی رائے آئینی اور قانونی ماہرین ہی دے سکتے ہیں۔

مولانا فصل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام سپریم کورٹ کے فیصلے کو جزوی طور پر تسلیم کرتی ہے اور اس فیصلے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے ساتھ خیر سگالی کا اظہار کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ فیصلہ دونوں جماعتوں کے باہمی تعلقات میں بہتری کے لیے پیشرفت کی طرف مفید اور تحفظات کو دور کرنے کے لیے مذاکرات کا ماحول تشکیل دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جہاں تک نظرثانی اپیل کا تعلق ہے تو جمعیت علمائے اسلام بطور جماعت اپیل دائر نہیں کرے گی، تاہم جے یو آئی کے وہ بعض افراد جو اس فیصلے سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں انہیں انفرادی طور پراپیل کے حق کا استعمال کرنے سے نہیں روک سکیں گے۔سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ یہ ان کا حق ہوگا لیکن بطور جماعت ہم اپیل نہیں کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔