صوبہ سندھ کے علاقے سانگھڑ میں 25 روز قبل اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کے مقدمے میں نامزد 6 مبینہ ملزمان کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔
ضلع سانگھڑ کی مقامی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج ون نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے مبینہ ملزمان کی صمانت منظور کی اور 2، 2 لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔
عدالت نے جعفرجٹ، عابد شر، دریا خان شر، عبدالشکور شر، رستم شر اور گل بیگ لاشاری کی ضمانت منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ 12 جولائی تک ملتوی کر دی۔
اونٹنی کیس میں اونٹنی کے مالک کے وکیل ایڈوکیٹ ایاز خاصخیلی نے بتایا کہ اونٹنی کے مالک سوماربیہن نے عدالت سے مرکزی کردار وڈیرہ غلام رسول کو مقدمے میں نامزد کرنے کی استدعا کی ہے ممکن ہے معزز عدالت اگلی پیشی پر درخواست کے بارے میں فیصلہ سنادے۔
واضح رہے کہ 25 روز قبل سانگھڑ میں سنگ دل وڈیرے نے کھیت میں داخل ہونے پر پہلے اونٹنی پر پہلے اپنے ملازمین کے ہمراہ شدید تشدد کیا اور پھر تیز دھار آلے سے اس کی ٹانگ کاٹ دی تھی۔

