اسلام آباد:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے سرجری کا عمل شروع کر دیا، ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سلیکٹرز وہاب ریاض اورعبدالرزاق کو قومی سلیکشن کمیٹی سے برطرف کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو ہٹا دیا گیا، دونوں کو قومی اسکواڈ کی ناقص کارکردگی پر ہٹایا گیا جبکہ محمد یوسف اور اسد شفیق فی الحال بطور سلیکٹر کام جاری رکھیں گے۔
آئندہ چند دنوں میں پی سی بی میں مزید تبدیلیاں متوقع ہیں، عبدالرزاق اور وہاب ریاض کی جگہ نئے سلیکٹرز کا انتخاب کیا جائے گا، یہ فیصلہ سابق کرکٹرز کی جانب سے ٹیم سلیکشن پر تنقید کے بعد کیا گیا ہے۔
پی سی بی کا کچھ عرصے سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق پر اعتماد برقرار نہیں رہا تھا، ٹی 20 ورلڈ کپ کے اسکواڈ کے انتخاب میں ان کا عمل دخل زیادہ تھا اور ان سلیکٹرز نے انہی کھلاڑیوں کی زیادہ حمایت کی جنہوں نے پرفارم نہیں کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق کچھ عرصے سے ان سلیکٹرز سے رائے بھی نہیں لی جا رہی تھی تاہم پی سی بی کا محمد یوسف اور اسد شفیق پر اعتماد برقرار ہے۔
دوسری جانب قومی سلیکشن کمیٹی سے عبدالرزاق اور وہاب ریاض کو ہٹائے جانے کے معاملے پر پی سی بی نے دونوں اراکین کو سلیکشن کمیٹی سے علیحدہ کرنے کی تصدیق کر دی۔
وہاب ریاض قومی مینز سلیکشن کمیٹی کے رکن تھے جبکہ عبدالرزاق مینز کے علاوہ اور ویمنز سلیکشن کمیٹی کے بھی ممبر تھے۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں 4 سابق کرکٹرز وہاب ریاض، عبدالرزاق، اسد شفیق اور محمد یوسف شامل تھے جبکہ وہاب ریاض ٹیم کے سینیئر منیجر بھی تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچز گیری کرسٹن، جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے اہم ملاقات کی تھی۔
محسن نقوی نے کوچز کو فری ہینڈ دیا اور کہا کہ آپ پر پورا اعتماد ہے، کھلاڑیوں کی کوچنگ کے حوالے سے آپ کو پوری سپورٹ دیں گے۔
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان پہلے مرحلے میں ہی باہر ہوگیا تھا، ایونٹ میں اسے نا تجربہ کار امریکا اور پھر بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز چئیرمین پی سی بی محسن نقوی اور سابق کرکٹرز نے بھی سلیکشن کمیٹی پر اعتراضات اٹھائے تھے۔
دوسابق پاکستانی کرکٹرز کی قومی سلیکشن کمیٹی سے چھٹی ہوگئی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔