اسلام آباد(سب نیوز )قومی اسمبلی سے بجٹ منظوری کے معاملہ پر عید کی چھٹیوں کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس کل دوبارہ شروع ہو گا۔اجلاس سپیکر کی صدارت میں شام پانچ بجے ہو گا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا دو نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا، قومی اسمبلی میں جمعرات سے بجٹ 25-2024 پر بحث کا آغاز ہو گا، موجودہ اجلاس میں فنانس بل 25-2024 منظوری کے لئے بھی پیش ہو گا۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گے، اپوزیشن لیڈر حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ٹیکسوں کے نظام پر تنقید کریں گے، اپوزیشن نے بجٹ منظوری کے دوران احتجاج اور ہنگامہ آرائی جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق بجٹ پر بحث ایک ہفتہ جاری رہے گی، ہفتہ اور اتوار کو بھی اجلاس جاری رکھنے کی تجویز دی گئی، حکومت 29 جون کو قومی اسمبلی سے بجٹ کی منظوری حاصل کرے گی۔حکومتی ارکان کو بجٹ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی، ارکان کو بجٹ منظوری تک حلقوں میں بھی نہ جانے کی ہدایت کی گئی۔