کابل (آئی پی ایس )افغانستان کی طالبان کی حکومت نے بشام حملے پر پاکستانی تحقیقات کے نتائج کو مسترد کردیاہے، پاکستان نے چینی شہریوں پر ہوئے اس حملے کی ذمہ داری افغانستان میں موجودعسکریت پسندوں کو قرار دیا تھا۔امریکی خبر رساں ادارے وائس آف امریکہ کے مطابق طالبان کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک افغان نیوز چینل کو بتایا کہ ان کے ملک کا 26 مارچ کو شمال مغربی پاکستان میں چینی شہریوں پر ہونے والے حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کا اندرونی مسئلہ ہے۔انہوں طلوع ٹی وی کو دئے گئے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے شائع ہونے والی رپورٹ افغانستان اور چین کے درمیان اعتماد کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ ہم نے بارہا اس رپورٹ کو غیر منطقی قرار دیتے ہوئے تردید کی ہے۔ چین افغانستان کے ساتھ تعلقات میں مسلسل بہتری لارہا ہے، کابل میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد بیجنگ کابل میں نیا سفیر مقرر کرنے والا پہلا اور طالبان کے سفیر کو باضابطہ طور پر قبول کرنے والا پہلا ملک تھا۔
ذبیح اللہ مجاہد کا یہ ردعمل جمعرات کو پاکستانی وفد کی جانب سے دورہ کے دوران طالبان ہم منصبوں کے ساتھ تحقیقات کے نتائج کا اشتراک کرنے کے ایک روز بعد آیا۔ بشام حملے کے متاثرین شمال مغربی پاکستان میں چین کے فنڈ سے چلنے والے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کر رہے تھے۔

