اسلام آباد،مسلم لیگ (ن) کے رہنما وسابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کو خطرہ ہے کہ موجودہ حکومت پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو گروی نہ رکھ دے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما احسن اقبال اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی ہوئی۔ عدالت کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آج پھر نارووال اسپورٹس سٹی کے جھوٹے مقدمے میں پیش ہوا اور پاکستانی قوم دیکھ چکی ہے کہ 3 برس کے باوجود کوئی ٹھوس کیس نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ احتساب کے عمل کو ٹی وی پر دکھایا جائے تاکہ عوام کو پتہ چلے کہ کیسے بھونڈے مقدمات بنائے جارہے ہیں،جنہوںنے قومی منصوبے کو نقصان پہنچایا ہے وہ حکومت میں بیٹھے ہیں اور جنہوں نے قومی منصوبے بنائے وہ عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔ حکومت ہر معاملے کو پچھلی حکومت پر ڈال دیتی ہے لیکن پچھلے 3 ضمنی انتخابات میں حکومت کو شکست ہوئی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت الیکٹرانک سسٹم میں چپ لگا کر آر ٹی ایس والا کام لینا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیانات کی مذمت کرتے ہیں جنہوں نے الیکشن کمیشن کو دبانے کی کوشش کی ہے۔ الیکشن کمیشن کو آزاد اور خود مختار ہونا چاہیے لیکن حکومت الیکشن کمیشن کو نیب کی طرح کا ادارہ بنانا چاہتی ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ انہوں نے قومی ادارے کو ایک ایک کرکے تباہ کردیا ہے۔ ایک سال میں چار چار سیکرٹریز کو تبدیل کیا گیا لیکن بجٹ میں عوام کیلئے کچھ پیش نہیں کیا گیا۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ گڈانی پر آنے والا جہاز بھی کرپشن کی کہانی ہے۔جس جہاز کو بنگلہ دیش اور بھارت نے آنے سے روک دیا اس حکومت نے رقم لے کر جہاز کو گڈانی آنے دیا۔ جہاز میں زہریلا مواد تھا جس سے لوگوں کو نقصان پہنچے گا۔
خطرہ ہے کہ موجودہ حکومت پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو گروی نہ رکھ دے،احسن اقبال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
