نیو یارک،عہدہ سنبھالنے کے بعد امریکی صدر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ٹیلیفون کیوں نہ کیا؟ امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے جوبائیڈن کو تنقید کا نشانہ بنا دیا۔
ٹوئٹرپرپوسٹ کرتے ہوئے ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے معروف امریکی سینیٹر لنزے گراہم کا کہنا تھا کہ انہیں یہ سن کر شدید حیرت ہوئی ہیکہ صدر بائیڈن نے ابھی تک امریکا پاکستان تعلقات اور افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے رابطہ نہیں کیا ہے۔لنزے گراہم کا کہنا تھا کہ ہم کیسے یہ توقع کر سکتے ہیں کہ پاکستان سے بات چیت کے بغیر افغانستان سے ہماری واپسی مثرثابت ہوگی؟ بائیڈن انتظامیہ کو واضح طور پر یہ لگتا ہے کہ افغانستان میں ہمارے مسائل حل ہوچکے ہیں۔امریکی سینیٹر کا کہنا تھا کہ افغانستان سے تمام افواج نکالنے اور اس حوالے سے پاکستان سے رابطہ نہ کرنیکا بائیڈن انتظامیہ کا فیصلہ بہت بڑی تباہی ہوگا یہاں تک کہ یہ عراق میں کی جانے والی غلطی سے بھی بڑی غلطی ہوگی۔دوسری طرف ترجمان پینٹاگون جان کربی کا کہنا ہے کہ طالبان کی کارروائیوں اور حاصل ہونے والے فوائد کے باعث افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا عمل سست کیا جا سکتا ہے۔
