اسلام آباد ،ہمارا ایمان ہے کہ اسلام ایک طرز زندگی ہے۔ اسلام انسانیت کے لئے خوراک کے معیار طے کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار
وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر شبلی فراز نے منگل کو کامسٹیک آڈیٹوریم میں “حلال ٹیسٹنگ لیبارٹری کیسے قائم کریں” کے موضوع پر 3 روزہ تربیتی کورس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا بدعنوانی حلال نہیں ہے ، حلال کا مطلب قانون کے تحت کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر جانے کی نسبت ، خوراک کے صحت مند معیار کو یقینی بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ لیباریٹریوں میں خوراک کے حلال یا حرام ہونے کا تعین کرنے کی مکمل صلاحیت ہونی چاہئے۔ شبلی فراز نے حلال صنعت سے جڑے تمام اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے طریقہ کار تیار کرنے پر زور دیا اور کہا کہ یونیورسٹیوں کو بھی اس عمل کا حصہ بننا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماضی میں کی جانے والی تحقیق اور اس کے اطلاق کے درمیان بہت بڑا فرق ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیق سے پاکستانی عوام اور پوری انسانیت کو فائدہ پہنچانا چاہئے۔کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری نے کہا کہ حلال کی منظوری اور سند دینا ایک ایسا شعبہ ہے جس میں ہم بہت آگے بڑھ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلال کاروبار 20 فیصد کے حساب سے بڑھ رہا ہے اور مسلم ممالک میں حلال سرٹیفیکیشن کا کوئی بڑا ادارہ نہیں ہے۔ ڈاکٹر چودھری نے کہا کہ ہم کامسٹیک میں سائنس پر مبنی کمرشلائزیشن اور او آئی سی ممبر ریاستوں میں سائنس کے اطلاق کے حوالے سے صلاحیت کو بڑھانے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے کورس کا موضوع پاکستان اور او آئی سی کی صنعتی ترقی سے متعلق ہے۔سیکرٹری جنرل ، اسٹینڈرڈز اینڈ میٹرولوجی انسٹی ٹیوٹ فار اسلامی ممالک ، ترکی ، احسان اوویٹ نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے لئے مشترکہ معیارتیار کرنے اور ان پر عمل کرنے کے عزم کی ضرورت ہے۔افتتاحی اجلاس سے محترمہ عصمت گل خٹک ، ڈائریکٹر جنرل ، پاکستان نیشنل ایکریڈیشن کونسل ، اختر اے بوگیو ، ڈائریکٹر جنرل ، پاکستان حلال اتھارٹی ، اور پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف، پروفیسر، ڈاکٹر پنجویانی سنٹر، کراچی نے خطاب کیا۔افتتاحی سیشن میں 800 شرکا نے آن لائن شرکت کی اور 80 افراد نے ذاتی طور پر شرکت کی۔ یہ 3 روزہ پروگرام جمعرات 10 جون کو ختم ہوگا۔
تحقیق سے انسانیت کو فائدہ ہونا چاہئے ، سینیٹر شبلی فراز
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
