لاہور(سب نیوز)صرف چند مزید گھنٹوں کا انتظار، مغربی ہواؤں کے 2 سلسلے ملک پر اثر انداز ہونے کو تیار، محکمہ موسمیات کی طویل خشک سالی کے بعد بارشوں کی پیش گوئی، بارشیں اور برفباری ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں رواں موسم سرما کے دوران اب تک جاری رہنے والے غیر معمولی خشک سالی کی صورتحال اب ختم ہونے کے قریب ہے۔
محکمہ موسمیات نے طویل خشک سالی کے بعد بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مغربی ہواؤں کے 2 سلسلے ملک پر اثر انداز ہونے کو تیار ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواوں کا ایک سلسلہ 26 اور 27جنوری جبکہ دوسرا سلسلہ 27 کی رات سے 31جنوری تک اثر انداز ہوگا۔ مغربی ہواوں کے ان دو سلسلوں کی پاکستان آمد کے بعث گرج چمک کے ساتھ بارشیں اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، خوشاب، مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور گردونواح میں 26 جنوری سے موسم ابر آلود ہو جائے گا اور27 سے 31جنوری کے دوران بیشتر علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارشوں کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ملتان، بہاولپور، لیہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان،ساہیوال،بوریوالا،وہاڑی،بہاولنگر، حاصل پور، چشتیاں اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
اس دوران سردی کی شدت برقرار رہے گی اور دھند کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 27 سے 31 جنوری کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اٹک، چکوال، میانوالی، تلہ گنگ، کلرسیداں، گجرخان، سیالکوٹ، جہلم، کھاریاں، لالہ موسیٰ، وزیر آباد، گجرات، نارووال، منڈی بہاؤالدین اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ معتدل سے تیز بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ان ہی ایام میں مری میں موسم سرما کی پہلی اور اچھی برفباری کا امکان بھی ہے۔ مری کے علاوہ گلیات اور دیگر شمالی علاقہ جات میں بھی جنوری کے ان آخری ایام میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہونے کا امکان ہے۔
