ہومپاکستانکاغذات نامزدگی مسترد، پرویز الٰہی، صنم جاوید اور شوکت بسرا کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

کاغذات نامزدگی مسترد، پرویز الٰہی، صنم جاوید اور شوکت بسرا کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد (سب نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی، پی ٹی آئی کی نامزد امیدوار صنم جاوید اور شوکت بسرا کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کردیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی نے درخواستوں پر سماعت کے لیے بینچز تشکیل دے دیے۔
سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعلی پنجاب اور صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الٰہی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل سماعت کے لیے جمعے کے روز مقرر کی۔
جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ کل پرویز الٰہی کی اپیل پر سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔سپریم کورٹ نے پرویز الہی کے وکلا کو نوٹس جاری کردیا۔
دوسری جانب سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی نامزد امیدوار صنم جاوید کی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں بھی سماعت کے لیے مقرر کردیں۔جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ کل اپیلوں پر سماعت کرے گا، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس عرفان سعادت بھی بینچ میں شامل ہیں۔عدالت عظمی کی جانب سے صنم جاوید کے وکلا کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔
دوسری جانب این اے 163 سے پی ٹی آئی کے امیدوار شوکت بسرا نے بھی سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، اپیلوں میں ٹربیونلز کے فیصلے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔اس کے علاوہ سپریم کورٹ میں این اے 163 سے پی ٹی آئی کے امیدوار شوکت بسرا کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر ہوگئی۔شوکت بسرا کی اپیل پر سماعت جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ کل کرے گا۔بینچ میں جسٹس شاہد وحید اور جسٹس عرفان سعادت میں شامل ہیں جبکہ عدالت نے نوٹس جاری کردیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔