اسلام آباد چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے صومالیہ کی سفیر مس خدیجہ محمد الا مخذومی نے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی جس دوران دوطرفہ اہم امور، علاقائی صورتحال، تجارتی و اقتصادی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان صومالیہ کے ساتھ باہمی تعلقات و تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاکستان صومالیہ کے بردارا نہ تعلقات کو کثیر الجہتی سطح پر مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صومالیہ کے ساتھ تجارتی و اقتصادی اور عوامی و پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے،دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی بین الاقوامی فورمز پر حمائت کی ہے جو قابل تحسین ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صومالیہ کی پاکستان کے لئے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں حمائت کی تعریف کرتے ہیں،پاکستان صومالیہ میں پائیدار امن اور خوشحالی کا خواہاں ہے،پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول انتہائی سازگار، صومالین سرمایہ کاروں اور تاجروں کو مستفید ہونا چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کی تاجر برادری کو مزید قریب لانے کی ضرورت ہے،تجارتی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے وسیع گنجائش موجود ہے،پارلیمانی شعبوں میں تعاون کے لئے پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا ہوگی۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں،ٹیکنالوجی اور سائنس کے شعبوں میں استعداد کار بڑھانے کیلئے پاکستان صومالیہ کے طالبعلموں کو وظائف فراہم کرے گا۔ ملاقات میں مسلہ فلسطین اور کشمیر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے باعث ہونیوالی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ صومالیہ کی سفیرمس خدیجہ محمد الا مخذومی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہم قرار دیا اور کہاکہ دوطرفہ تعاون اور رابطہ کاری کی بدولت تعلقات کو مزید استحکام مل رہا ہے،صومالیہ پاکستان کے دہشت گردی اور معاشی امور میں بہتری کے تجربے سے بھر پور استفادہ حاصل کرے گا۔ صومالین سفیر نے کہا کہ پاکستان نے کرونا وباکے دوران موثر حکمت عملی کے تحت اس وبا کے پھیلا وپر کنڑول کیا۔
چیئرمین سینیٹ سے صومالین سفیر کی ملاقات ،دوطرفہ اہم امورپر تفصیلی تبادلہ خیال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
