لاہور،سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا، حلف قائمقام سپیکر سردار دوست محمد مزاری نے چوہدری نثار علی خان سے حلف لیا ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے صوبائی اسمبلی کی سیٹ جیتنے کے 2 سال اور 10 ماہ بعد پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھالیا، چوہدری نثار علی خان سے حلف قائمقام اسپیکر سردار دوست محمد مزاری نے لیا۔ چوہدری نثار کی حلف برداری میں خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے ایوان میں جانے کے لئے حکومتی ارکان کی لابی کا انتخاب کیا، اور اسپیکر چیمبر سے نکل حکومتی لابی سے ایوان کے اندر گئے، جب کہ حلف اٹھانے کے بعد چوہدری نثار حکومتی بینچوں پر بیٹھے، تاہم انہوں نے حلف کے بعد کوئی تقریر نہیں کی اور کچھ دیر بعد ہی ایوان سے چلے گئے۔حلف اٹھانے کے بعد میڈیا نمائندوں نے چودھری نثار علی خان سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن شدید دھکم پیل اور بہت زیادہ بھیڑ کی وجہ سے وہ پنجاب اسمبلی سے روانہ ہو گئے۔چودھری نثار نے حلف اٹھانے کے بعد لاہور میں مصروف دن گزارا۔ وہ سینئر لیگی رہنما سردار ایاز صادق کے گھر گئے جہاں ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا تھا۔ دونوں رہنماں نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ چودھری نثار ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک ایاز صادق کے گھر رہے۔دوسری جانب وزیر قانون راجہ بشارت کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی کے فون آنے بعد حلف سے روکنے کی بات میں کوئی سچائی نہیں، چودھری نثار کے سیاسی مخالف ضرور ہیں لیکن اسمبلی کا اپنا قانون ہے۔ پرسوں کسی نے فون کرکے نہیں کہا تھا کہ چودھری نثار کا حلف نہ لیں۔
