ہومتازہ ترینمولانا فضل الرحمان کی امن وامان بارے بات بہت حد تک درست ہے، سرفراز بگٹی

مولانا فضل الرحمان کی امن وامان بارے بات بہت حد تک درست ہے، سرفراز بگٹی

لاہور: نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال اس وقت دن بدن بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے، مولانا فضل الرحمان کی امن و امان کے حوالے سے بات بہت حد تک درست ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ گزشتہ 9 ماہ سے ٹی ٹی پی فیکٹر کی وجہ سے دہشت گردی میں 78 فیصد اضافہ ہوا ہے، مولانا فضل الرحمان کی جماعت کے لوگوں پر حملے ہوئے، مولانا فضل الرحمان کو کوئٹہ آمد پر تھریٹ بارے آگاہ کیا تھا۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دلیرآدمی تھے رکے نہیں، انہیں فول پروف سکیورٹی دی، سکیورٹی کے حوالے سے چیلنجز درپیش ہیں، الیکشن ایس اوپیز، امن و امان کے حوالے سے اسی ہفتے تمام پارٹیوں سے بات چیت کریں گے، امن و امان ہمارا سبجیکٹ ہے۔

نگران وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ الیکشن میں افواج کی دستیابی بارے منسٹری آف ڈیفنس ہی بتا سکتی ہے، سکیورٹی سے متعلق الیکشن کمیشن کی جو ریکوائرمنٹ ہے اسے پورا کریں گے، انشا اللہ الیکشن کمیشن کی جو ضروریات ہوں گی وہ پوری کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں آج کل پراکسیزکی جنگ ہوتی ہے، دشمن کی ایجنسیاں پاکستان کے خلاف بھرپور قسم کی پراکسی جنگ کر رہی ہیں، ٹی ٹی پی، بی ایل اے، بی آر اے، بی ایل ایف دہشت گرد تنظیموں کی دشمن ملک کی ایجنسیاں پشت پناہی کرتی ہیں۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں، 2013 اور 2018 کے الیکشن میں بھی دہشت گردی کے واقعات ہوئے، جب جب الیکشن ہوتا ہے تو دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے، ہماری بھرپور کوشش ہو گی اور ہم اس مرحلے سے گزر جائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔