ہومپاکستانن لیگ عوام میں جانے سے ڈر رہی ہے ،اسی لیے بیساکھیوں کی تلاش میں ہے، فیصل کریم کنڈی

ن لیگ عوام میں جانے سے ڈر رہی ہے ،اسی لیے بیساکھیوں کی تلاش میں ہے، فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ن لیگ عوام میں جانے سے ڈر رہی ہے اسی لیے یہ بیساکھیوں کی تلاش میں ہے۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان فیصل کریم کنڈی نے ن لیگی رہنما حنیف عباسی کے انٹرویو کے ردعمل میں کہا ہے کہ شہباز شریف پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہی وزیراعظم بنے تھے۔ آج ن لیگ عوام میں جانے سے ڈر رہی ہے، یہ لوگ تو پنجاب کے عوام میں بھی نہیں جا سکتے، یہ لاڈلے نہیں بن سکتے بلکہ یہ بیساکھیوں کی تلاش میں ہے۔فیصل کنڈی نے مزید کہا کہ اگر مہنگائی ہوئی تو وزیر خزانہ اور وزیر اعظم ان کا تھا۔ مہنگائی سے متعلق ان کے اپنے ہی ساتھیوں نے آواز اٹھائی تھی۔ یہ بات کرتے ہیں تو نواز شریف کے پرانے دور کی بات کرتے ہیں، پی ڈی ایم حکومت میں کارکردگی پر مناظرے کیلئے تیار ہیں۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم تو کبھی نہیں کہا کہ ہم حکومت بنانے جا رہے ہیں۔ ن لیگ کی خواہش ہو سکتی ہے لیکن یہ حکومت نہیں بنا سکتے کیونکہ یہ عوام کو اپنی کارکردگی نہیں بتا سکتے کہ انہوں نے کیا کیا ہے؟ یہ عوام میں جائیں گے تو ان کو پتہ چل جائے گا کہ عوام ان کے بارے میں کیا سوچتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صاف شفاف الیکشن ہونے چاہیئں۔ عوام ان کو منتخب کرتی ہیں تو ان کو حکومت کرنی چاہیے۔ ہم ہر پارٹی کی لیڈرشپ کا احترام کرتے ہیں۔ اتحاد خوشی سے نہیں بلکہ مجبوری سے کیا جاتا ہے، ن لیگ سے اتحاد کا فیصلہ وقت آنے پر ہو گا۔ نمبر گیم پر قیادت نے مناسب فیصلہ کرنا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔