راولپنڈی(سب نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت نےسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور شیخ راشد شفیق کی 9 مئی واقعات سمیت 8 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 9 دسمبر تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کےجج ملک اعجاز آصف نےضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
شیخ رشید احمد اپنے وکیل سردار عبدالرازق ایڈوکیٹ کے ہمراہ عدالت پہنچے۔دوران سماعت پراسیکیوٹر نےدرخواست کی 2سپیشل پراسیکیوٹرز آج موجود نہیں ہیں،التوا دیا جائے۔
وکیل صفائی سردار عبدالرازق نے کہا ہمیں یہ توبتایا جائےکہ شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کے خلاف کیا شواہد ہیں،ان کو کب اور کیوں ان مقدمات میں ڈالاگیا،انکا نام 9 مئی کی کسی ایف آئی آر میں نہیں تھا۔تمام مقدمات میں 6 ماہ کی تاخیر کے بعد نام ڈالے گئے۔
شیخ رشید نےکہا اخبار میں پہلے ہی خبر چھپ چکی ہےکہ پراسیکیوشن کیس میں تاریخ لےگی۔
جج ملک اعجاز آصف نے ریماکس دئیےکہ یہ عدالت کی کریڈیبلٹی کا سوال ہے،خبر سے تاثر ملتا ہےکہ شاید عدالت کو کوئی باہر سے کنٹرول کرتا ہے۔آئندہ ایسی خبر چھپی تو ایکشن لوں گا۔
عدالت نے آئندہ تاریخ پر تمام تھانوں کے ایس ایچ اوزکو مکمل ریکارڈ لانے کاحکم دیتے ہوئےحکم دیا کہ آئندہ مزید موقع نہیں دیا جائے گا۔
عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا پر سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔
