ہومپاکستانجہانگیر ترین گروپ کے وفد کی وزیراعلی پنجاب سے ملاقات،عثمان بزدار کی تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

جہانگیر ترین گروپ کے وفد کی وزیراعلی پنجاب سے ملاقات،عثمان بزدار کی تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

لاہور(آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے نامزد گروپ نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی جس میں عثمان بزدار نے اراکین کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے لیڈر سعید اکبر نوانی، نعمان لنگڑیالم اجمل چیمہ، عون چوہدری، عمر آفتاب، نذیر چوہان اور زورا وڑائچ شامل تھے۔جہانگیر ترین گروپ کے وفد نے وزیراعلی پنجاب کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر عثمان بزدار نے انہیں تحفظات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی جب کہ اراکین اسمبلی نے وزیراعلی پنجاب کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور میرے دروازے آپ سب کیلیے کھلے ہیں، کبھی کسی سے ناانصافی کی اور نہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں، آپ کے جائز تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا، ہماری پارٹی کا نام تحریک انصاف ہے اور ہم انصاف کی عمل داری پر یقین رکھتے ہیں۔اس موقع پر ترین گروپ کے سعید نوانی نے کہا کہ ہم ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے، آپ کی قیادت پر پورا اعتماد ہے، آپ ہمارے وزیراعلی ہیں اور آپ کے پاس اپنے ایشوز کے حل کے لیے آئے ہیں، تحریک انصاف ہماری جماعت ہے اور اس جماعت سے غیر مشروط وابستگی برقرار رہے گی۔گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے پنجاب حکومت پر انتقامی کارروائیاں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبائی حکومت دبا ڈال رہی ہے اس لیے اسمبلی میں آواز اٹھانے کے لیے گروپ بنایا۔واضح رہے کہ جہانگیر ترین کے معاملے پر وزیراعظم نے گزشتہ ماہ ان کے ہم خیال گروپ سے ملاقات کی تھی اور وزیراعظم نے معاملات کی تحقیقات کی ذمہ داری علی ظفر کو سونپی تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔