اسلام آباد(سب نیوز)ایئر کموڈور (ریٹائرڈ) ستار علوی کے لئے شام کے سفارت خانے کی جانب سے تمغہ شجاعت کا اعزازدیا گیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر کموڈور (ریٹائرڈ) ستار علوی کو 1973 کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران بہترین کارکردگی پر اعزاز سے نوازا گیا۔
حکومت شام کی ہدایات پر شامی عرب فضائیہ کی جانب سے شام کے سفیر ڈاکٹر رمیز الرعی نے ائیر کموڈور (ریٹائرڈ) ستار علوی کو شام کے تمغہء شجاعت اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق 26 اپریل 1973 کو پاک فضائیہ کے بہادر سپوت فلائٹ لیفٹیننٹ ستار علوی نے شامی فضائیہ کا مگ-21 لڑاکا طیارہ اڑاتے ہوئے اسرائیلی میراج طیارہ مار گرایا۔ ستار علوی کے فضائی معرکے نے شام کی فضائی حدود کے دفاع میں پاکستانی پائلٹس کی بہادری اور مہارت کو اجاگر کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اس فضائی جنگ کے نتائج نے ایک برادر ملک کی خودمختاری کے تحفظ اور اس کے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستانی پائلٹس کی ہمت اور عزم کو بھی اجاگر کیا۔
حکومتِ شام کی جانب سے یہ اعزاز پوری قوم کے لیے قابلِ فخر بات ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
