ہوماسلام آبادنواز شریف وطن واپس آنے کیلئے نہیں ،مریم لندن جانے کیلئے بیتاب ہیں،علی نواز اعوان

نواز شریف وطن واپس آنے کیلئے نہیں ،مریم لندن جانے کیلئے بیتاب ہیں،علی نواز اعوان

اسلام آباد،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف وطن واپس آنے کیلئے بے چین نہیں بلکہ مریم نواز صاحبہ لندن جانے کیلئے بیتاب ہیں اورمسلم لیگ (ن)پی ڈی ایم کی تحریک کے ذریعے یہی ہدف حاصل کرنا چاہتی تھی جس میں انہیں ناکامی ہوئی۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں علی نواز اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کا میڈیا سیل جتنے مرضی گروپ فوٹو جاری کر لے اس سے حقیقت چھپ نہیں سکتی کہ مسلم لیگ (ن) میں تقسیم کا عمل اب اپنے آخری مرحلے کی طرف بڑھ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا یہ کہنا مضحکہ خیز ہے کہ اگر انہیں پلیٹ میں رکھ کر بھی پاسپورٹ اور ٹکٹ دیا جائے تو وہ بیرون ملک نہیں جائیں گی حالانکہ یہ حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ مسلم لیگ (ن)نے پی ڈی ایم کی تحریک صرف اسی ایک نقطے پر شروع کی تھی کہ مریم نواز کو ملک سے باہر جانے دیا جائے لیکن اس کوشش میں اسے ناکامی ہوئی۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کا منفی بیانیہ ان کے گلے کا طوق بن گیا ہے اور ان کے اپنے لوگ اس بیانیے کے ساتھ عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے تیار نہیں اور خاموش ہو کر گھروں میں بیٹھ گئے ہیں، اب ان کے پاس سڑکوں پر آنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا- مریم نواز کے بیانات محض فیس سیونگ کے سوا کچھ نہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔