اسلام آباد (سب نیوز )ملک بھر میں شدید بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے باعث بچوں سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ملک بھر میں شدید بارشیں جاری ہیں جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔
ضلع نارووال کی تحصیل شکر گڑھ، ظفر ووال میں میں بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گر گئی ، آسمانی بجلی گرنے کے واقعات موضع رتن پور، چانگو والی، قانگوئی میں پیش آئے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے باعث دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے ۔اس دوران 4 افراد شدید زخمی ہو گئے، جن میں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ادھر بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اطراف میں تیزہواوں کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ، دیگر شہروں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ۔ کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان کے دیگر شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ۔ خضدار میں موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی ،کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ مستونگ میں بھی تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہوئی۔موسلادھار بارش کے باعث پنچپائی کے علاقے میں ریلوے ٹریک زیرآب آگئے ۔ جس کے باعث ریلوے ٹریکس کو نقصان پہنچے کا خدشہ ہے۔ قلات اور اطراف کے علاقوں میں بھی تیز بارش ہوئی ، بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ، گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔دوسری طرف اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہونے کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔
لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ ، ڈیوس روڈ، عبدالکریم روڈ، کینال روڈ شملہ پہاڑی اور ملحقہ علاقوں میں بادل برسے، گڑھی شاہو، شالیمار اور باغبانپورہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔تیز ہواوں اور بارش کے باعث حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے، کالے اور گھنے بادل چھانے سے سرشام ہی اندھیرا چھا گیا، موسلادھار بارش کے باعث عبدالکریم روڈ، لاہور ہوٹل اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شکر گڑھ، جہلم، گجرات، نارووال سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، تیز ہواں کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔
