اسلام آباد (آئی پی ایس)سرکلر رجسٹرار اسلام آباد کوآپریٹو سوسائٹیز کی طرف سے تمام ہائوسنگ سوسائٹیز کوسات دن کے اندر تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے کیلئے نوٹس جاری کر دیا گیا ، مقررہ وقت میں ریکارڈ ڈیجیٹلائز نہ کرنے والی سوسائٹیز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ،تمام کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کولینڈ ریکارڈ سمیت ملازمین و ممبران کی تعداد ، آڈٹ رپورٹس ، قوانین اور الاٹمنٹ کی تفصیلات ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی شرائط پر عملدرآمد کیلئے اسلام آباد کی تمام کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیزکا ریکارڈ ڈیجٹیلائز کرنے کاعمل شروع کر دیا گیا ہے ،ریکارڈ ڈیجٹیلائز کرنے کیلئے سرکلر رجسٹرارکی طرف سے کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیزکو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جس میں سات دن کے اندر تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، مقررہ وقت میں ریکارڈ ڈیجیٹلائز نہ کرنے والی سوسائٹیز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ سیکرٹری داخلہ کی زیر صدارت ہونے والے ایف اے ٹی ایف ٹاسک فورس کے اجلاس میں اسلام آباد کے اندر تمام کو آپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سوسائٹیز کولینڈ ریکارڈ سمیت ملازمین و ممبران کی تعداد ، آڈٹ رپورٹس ، قوانین اور الاٹمنٹ کی تفصیلات ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔


