اسلام آباد:وفاقی حکومت کا معاشی بحالی پلان، عملدرآمد شروع ہو گیا، وزیراعظم نے ایپکس کمیٹی کی تشکیل کے ساتھ ایگزیکٹو کمیٹی اور ایمپلی منٹیشن کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ایگزیکٹو کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر منصوبہ بندی کریں گے جبکہ امپلی منٹیشن کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم کے معاون خصوصی کریں گے، ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہر تین ماہ بعد ہوا کرے گا، ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ جب کہ امپلی منٹیشن کمیٹی کا اجلاس ہر پندرہ دن بعد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق سپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل کی ایمپلی منٹیشن کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا، ایمپلی منٹیشن کمیٹی بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق روڈ میپ تیار کرے گی، گلف ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کے جاری منصوبوں پر غور کیا جائے گا۔ایمپلی منٹیشن کمیٹی آئل ریفائنری پالیسی پر سفارشات مرتب اور ایئرپورٹس میں بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق امور پر بھی غور کرے گی، امپلی منٹیشن کمیٹی فوری نوعیت کی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر روڈ میپ تیار کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امپلی منٹیشن کمیٹی ترجیحی منصوبوں کی شارٹ لسٹ بھی کرے گی، منصوبوں میں گرین فیلڈ آئل ریفائنری لگانے سے متعلق بھی غور ہو گا، وفاقی حکومت کو منصوبے کے تحت 5 سال میں 100 بلین ڈالر سرمایہ کاری کی امید ہے۔ تمام کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن اور ٹی او آروز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔
