اسلام آباد(سب نیوز) چیئرمین نادرا طارق ملک نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا، وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استعفیٰ منظور کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے اپنا استعفی پیش کر دیا جسے وزیراعظم نے منظور کرلیا۔وزیراعظم ہاوس میں ہونے والی ملاقات کے دوران شہباز شریف نے چیئرمین نادرا کے طور پر طارق ملک کی خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
ملاقات کے بعد میڈیا کو جاری کردہ بیان میں طارق ملک نے کہا کہ اپنے دو سالہ دور میں انہوں نے 45 سے زائد جدت آمیز خدمات اور سہولیات متعارف کرائیں جن کا مقصد بچوں، نوجوانوں اور پارلیمان کو مضبوط بنانا۔انہوں نے بتایا کہ اقوامِ متحدہ نے حال ہی میں انہیں پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب پر تیار کی جانے والی نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ 2023 کی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے جو نہ صرف ان کے لئے اعزاز ہے بلکہ انہیں اپنے اس مشن کو آگے بڑھانے کا ایک شاندار موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق ملک پر نادرا میں کرپشن کیے جانے کا الزام ہے، طارق ملک کے خلاف آئرس سسٹم کی خریداری میں بدعنوانی کی نیب میں انکوائری جاری ہے جس کے سبب وہ مستعفی ہوئے۔اطلاعات ہیں کہ ایف آئی اے نے طارق ملک کے ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی ہے، جب تک وہ تحقیقات سے بری نہیں ہوجاتے انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
