ہومکالم وبلاگزافتادگان خاک کا خداوندان جلیل کے نام خط

افتادگان خاک کا خداوندان جلیل کے نام خط

علی اسجد طیفور


رہائش:محلہ حصار بے کساںاے خداوند! جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ یہ دنیا تیری تخلیق ہے۔ تو نے اس دنیا کو ہم لوگوں کیلئے بنایا ہے۔ تو نے ہمیں بے شمار رحمتوں اور نعمتوں سے نوزا ہے۔ مگر اب تیری اس دنیا میں گھٹن محسوس ہو رہی ہے۔
اے خداوند!ہم متوسط لوگ جاگیردار کی چاکری کرنے واے لوگ ہیں۔ ہمارے آنگنوں میں ناچتی غربت ہمیں جاگیردار کا نوکر بناتی ہے۔ سرمایہ دار دیمک کی طرح ہمارا خون چوستے ہیں۔ مگر اس کے باوجود ہم اپنے بچوں کے چہرے پر مسکراہٹ کے آثار دیکھ کر جبر کی اس رات کو اپنا مقدر سمجھ لیتے ہیں۔
اے رب ذولجلال!اب کی بار ملک میں مذہبی انتہا پسندی نے ہمیں نشانہ بنایا ہوا ہے۔یہ ملا لوگ تیرے نام پر ہمارے کوچوں میں آگ لگا رہے ہیں۔ تیرے نام کی آڑ میں فتوں کی دکان سجارہے ہیں۔ متشدد رویوں کو پروان چڑھارہے ہیں۔ ان کی جنونیت اور وحشت بال کھولے سڑکوں پر آوارہ پھر رہی ہے۔تیرے محبوب کے نام پر ہم لوگوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔
اے میرے رب!ہم حقیر لوگ ہیں عاجز لوگ ہیں۔ہمارا مائی باپ صرف تو ہے۔ہم اگر شکوہ کناں ہوں گے تو صرف تم سے ہوں گے۔ مگر افسوس صد افسوس! یہ دستار پوش اب ہم سے شکوے کا اختیار چھیننا چاہتے ہیں۔
اے خداوند!ہم لوگ پہلے صرف سرکار کے ٹیکسوں کے نیچے دبے تھے مگر اب واعظ شہر سانس کا بیاج مانگ رہا ہے۔اے یزدان رحیم!مانا کہ ہم لوگ سستے لوگ ہیں مگر ہمارا خون سستا نہیں۔مانا کہ ہم جاہل لوگ ہیں مگر اتنے جاہل نہیں کہ تیری توقیر کا مقام نہ سمجھ سکیں۔مگر اگر ہمیں اپنے ایمانوں کے سرٹیفکیٹ بغلوں میں لیکر نکلنا پڑے تاکہ حضرت ملا ہمیں مسلمان اور ایمان افروز سمجھے تو ہمیں یہ منظور نہیں۔
اے رحمان!ہم افتادگان خاک تجھ سے گزارش کرتے ہیں کہ ملا کو اپنے اصل دین کی پہچان کروا۔وہ دین جس میں اعتدال پسندی کا آموختہ موجود ہے،دلیل کا سبق نوشتہ دیوار ہے،اخلاقیات کا ضابطہ پیوست ہے اور رواداری کا پیام برسر عام ہے۔اور اگر ملا اصل اسلام کو پہچاننے سے قاصر رہے تو پھر یونہی ایک گھر سے افضل کانسٹیبل کی صورت میں ایک میت اٹھے گی جہاں اس کے لواحقین میں معصوم بچے بے بسی کی مجسم تصویر ہوں گے اور ان کی معصومیت پر سفاک ملائوں کی وحشت کے وار ہم لوگوں کیلئے ایک ڈرانا خواب ہوں گے۔اے رب جلیل!تو جلیل ہے۔تیری بارگاہ میں معصوم بچوں کے آنسو رائیگاں نہیں جاسکتے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔