اسلام آباد،آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے ضلع بھر کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ،دورے کے دوران فیض آباد ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کیساتھ روزہ افطار کیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر، ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر سید مصطفی تنویر اور افسران و جوان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، جوانوں کیساتھ روزہ افطار کرنے کا مقصد پولیس اہلکاروں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کرنا ہے بلکہ پولیس اہلکاروں کے مورال میں بھی اِضافہ کرنا ہے ۔آئی جی اسلام آباد نے اسلام آباد پولیس اور دیگر اضلاع سے آنے والے افسران و جوانوں کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کا ہرطرح سے خیال رکھا جائے ،سحر و افطار جوانوں کے ساتھ کی جائے، دیگر اضلاع سے آنے والے افسران و جوانوں کو بہترین رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہم سب روزے کے ساتھ عوام کی خدمت میں کوشاں ہیں جو ایک عظیم عبادت ہے۔
